کرکٹ کا چیمپئن بنتے ہی لاہور قلندرز نے ہاکی لیگ کی تیاریاں تیز کردیں

0
468
کرکٹ کا چیمپئن بنتے ہی لاہور قلندرز نے ہاکی لیگ کی تیاریاں تیز کردیں

لاہور قلندرز نے کرکٹ کا چیمپئن بننے کے بعد ہاکی لیگ کی تیاریوں کا کام مزید تیز کردیا۔

سابق اولمپئن شہباز سینئر نے قلندرز آفس میں لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا سے ملاقات کی۔

اس موقع پر لاہور قلندرز چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ثمین رانا اور ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید بھی موجود تھے۔

اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری حیدر حسین نے بھی شرکت کی، اس دوران ہاکی لیگ کی تیاریوں اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق اولمپئن شہباز سینئر نے کہا کہ لاہور قلندرز کا ہاکی کی بحالی کے اقدامات کرنا قابل ستائش ہے، لاہور قلندرز کی انتظامیہ صاف نیت سے قومی کھیل کی بحالی چاہتی ہے، انہیں کامیابی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے آفس آکر مجھے بہت اچھا لگا، لاہور قلندرز کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان سے پلئیرز ڈیولپمینٹ کے حوالے سے بات کی۔

شہباز سینئر نے مزید کہا کہ پاکستان بھر میں لاہور قلندرز نے کھیل کی ڈیولپمنٹ کے لئے بہت کام کیا ہے، ان کے کام کی وجہ سے ہر کوئی ان کا فین بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کو جو دعائیں ملتی ہیں، ان کی وجہ سے انہوں نے لگاتار دوسری مرتبہ پی ایس ایل کا ٹائٹل جیتا ہے۔

سابق اولمپئن نے یہ بھی کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ اگر ہم ہاکی پر ایک ہزار ملین روپے بھی لگائیں ہم ہاکی کو پروموٹ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکولز اور کالجز میں ہاکی ختم ہو چکی ہے یہ کھیل نوجوانوں میں مقبول نہیں رہا، ہاکی کے ساتھ اگر لاہور قلندرز جڑ جاتی ہے تو ہاکی برانڈ بن جائے گا تو اس کی بہتری کے امکانات ہیں۔

شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ پرجوش نوجوان آگے آئیں گے تو ہاکی بہتر ہو گی ہالینڈ کی مثال ہمارے سامنے ہے، جب کھلاڑیوں کی تعداد بڑھے گی تو کوالٹی ہمارے سامنے آئے گی، اس وقت نہ تعداد ہے اور نہ ہی کوالٹی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی دم توڑ چکی ہے ایسے میں لاہور قلندرز کا آگے آنے سے ہاکی کو بہت فائدہ ہو گا۔