اٹلی یورو کپ کا چیمپئن بن گیا

0
805

سنسنی خیز مقابلے کے بعد اٹلی نے انگلینڈ کو پینلٹی شوٹ پر 2-3 سے شکست دے دی اور یورو کپ فٹ بال کا چیمپئن بن گیا۔

مقررہ وقت میں ایک ایک گول سے میچ برابر ہونے کے سبب میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا۔ مگر اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد یورو کپ چیمپئن شپ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر کیا گیا جس میں اٹلی نے دو کے مقابلے میں تین گول کئے۔

انگلینڈ نے میچ کے شروع ہوتے ہی اٹلی کیخلاف گول کر کے برتری حاصل کرلی تھی تاہم اٹلی کے لیونارڈو بنوچی نے کھیل کے 67 منٹ میں گول کر کے انگلینڈ کی برتری ختم کردی تھی۔

پینلٹی شوٹ آؤٹ پر اٹلی نے 2-3 کے ساتھ دوسری بار یورپین چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا-

اٹلی اور انگلینڈ کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن، شہزادہ ولیم، کیٹ مڈلٹن اور ننھے شہزادہ جارج بھی موجود تھے جبکہ دیگر اہم شخصیات میں ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز اور فٹبالر ڈیوڈ بیکھم بھی اسٹیڈیم میں آئے تھے۔

انگلینڈ کا چیمپئن بننے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ 1966 کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انگلینڈ کو پہلی مرتبہ بڑا ٹورنامنٹ جیتنے کا موقع ملا تھا۔

فائنل سے قبل لندن کے شہریوں کا جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا تھا۔ پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی میچ دیکھا۔ فائنل کے آغاز سے قبل شام سے ہی لندن کی سڑکیں سنسان ہوگئی تھیں۔