شاہین شاہ آفریدی کی معذرت پر سرفراز احمد کا ردعمل

0
835

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان اور لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی کے مابین تنازع حل ہوگیا، سرفراز احمد نے شاہین شاہ آفریدی کے معذرت کرتے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں بھائی کہہ دیا۔

سرفراز احمد نے شاہین شاہ آفریدی کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہاں سب صحیح ہے، جو فیلڈ میں ہوتا ہے اسے فیلڈ میں ہی رہنے دو۔‘

سرفراز نے شاہین شاہ کیلئے لکھا کہ آپ پاکستان کے اسٹار ہیں اور میرے چھوٹے بھائیوں جیسے ہیں۔

انہوں نے نوجوان بولر کو دعا دیتے ہوئے کہا کہ اللہ آپ کو ہمیشہ خوش رکھے۔ساتھ ہی سابق کپتان نے آل از ویل بھی کہہ دیا۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد سے جھگڑے پر شاہین آفریدی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے معذرت کی تھی، انہوں نے کہا تھا کہ سرفراز ہم سب کا فخر ہیں، وہ میرے کپتان تھے اور ہمیشہ رہیں گے، مجھے سرفراز احمد کو عزت دیتے ہوئے خاموش ہوجانا چاہیے تھا۔

شاہین شاہ اور سرفراز میں آخر نوک جھونک کا کیا معاملہ ہے؟

ابوظبی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 19ویں اوور کی آخری گیند پر شاہین آفریدی نے 147 کلومیٹر گھنٹہ فی رفتار کی باؤنسر کروائی جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین سرفراز احمد کے ہیلمٹ پر لگی تھی۔

سرفراز اس گیند پر صرف ایک رن بنا سکے ، رن بنانے کے بعد دوسرے اینڈ پر پہنچنے کے بعد وہ شاہین آفریدی سے کچھ کہتے ہوئے آگے بڑھ گئے تھے۔

کمنٹیٹر رمیز راجہ کے مطابق ، سرفراز نے ضرور شاہین کو پُرسکون رہنے کا کہا ہوگا۔

یہاں سرفراز احمد کی بات پر شاہین آفریدی نے بھی آگے سے غصے میں کچھ کہا، فیلڈ میں موجود کھلاڑیوں اور امپائرز نے معاملہ ختم کروایا تھا۔