بیٹسمینوں کی ضرورت کے مطابق ان پر کام کیا جا رہا ہے، یوسف

0
641

نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں سابق کپتان اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ بیٹسمینوں کی ضرورت کے مطابق ان پر کام کیا جا رہا ہے ۔

قومی کرکٹرز شان مسعود، امام الحق، شرجیل خان، اعظم خان اور نسیم شاہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی نگرانی میں ٹریننگ کر رہے ہیں۔

ٹریننگ میں شریک شرجیل خان کا کہنا ہے کہ وہ فٹنس کی بہتری کے لیے کام کرنے کے ساتھ محمد یوسف کے ساتھ مل کر بیٹنگ کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرینر یاسر ملک نے بہترین پلان دیا تھا اس پر عمل کر رہا ہوں ، پی ایس ایل کی وجہ سے کم بیک ہوا کوشش ہو گی کہ بقیہ میچز میں اچھا پرفارم کروں ۔

شرجیل نے کہا کہ ٹیم میں ہوتے ہوئے بیٹنگ کوچ یونس خان سے بھی بہت مدد ملی تھی۔

سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ بیٹسمینوں کو بنیادی تیکنیک کے مطابق کھیلنے کا بتایا جا رہا ہے، بیٹسمین کو بیلنس، بال ریلیز اور وزن منتقلی کی تیکنیک کے ساتھ کھیلنا چاہیے۔

محمد یوسف نے بتایا کہ شرجیل خان پابندی سے پہلے اچھا کھیل رہے تھے، پابندی کے بعد وزن بڑھنے سے مشکل ہو رہی ہے لیکن شرجیل بہت محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شان مسعود سے تفصیلی بات ہوئی ہے، مل کر ٹریننگ پلان بنایا ہے، شان سے کہا ہے کہ جو ہو چکا بھول جائیں ، حال میں رہتے ہو ئے کھیلیں۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹرز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں عید سے پہلے تک ٹریننگ جاری رکھیں گے ، جبکہ عید کے بعد مزید کھلاڑیوں کو بلانے کا پلان بنایا جا رہا ہے ۔