جہاں پیدا ہوا وہاں کھیلنا اچھا لگے گا، آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ

0
1164

آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جہاں میں پیدا ہوا وہاں کھیلنا اچھا لگے گا۔

عثمان خواجہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں، ان کا انتخاب ری پلیسمنٹ ڈرافٹ میں ہوا ۔

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ پیدائش والے ملک پاکستان میں کھیلنے کے شدت سے منتظر ہیں وہ جس ٹیم میں شامل ہوئے ہیں وہ ٹیم اُسی شہر کی نمائندگی کرتی ہے جہاں وہ پیدا ہوئے ، پانچ برس کی عمر میں عثمان خواجہ کی فیملی اسلام آباد سے آسٹریلیا منتقل ہو گئی تھی۔

عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں ڈومیسٹک کرکٹ کی وجہ سے پی ایس ایل کھیلنے کا موقع نہیں ملا، اب مجھے پاکستان میں کھیلنا بہت اچھا لگے گا بھارت سری لنکا اور بنگلہ دیش میں کھیل چکا ہوں لیکن پاکستان، جہاں میں پیدا ہوا وہاں نہیں کھیل سکا ۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے گھر بھی جانا چاہوں گا جہاں سے میں نے اور میری فیملی نے شروعات کی، مجھے اچھا لگ رہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ واپس آرہی ہے ۔

عثمان خواجہ نے کہاکہ کرکٹ کرانے کے لئے میرے خیال میں سخت محنت کی گئی ہے تاکہ لوگ آئیں اور کھیلیں ۔

انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کی ٹیم پاکستان جا رہی ہے جبکہ آسٹریلیا کا بھی پاکستان میں کھیلنا مجھے اچھا لگے گا۔