تین میچز کھیل کر بہت کچھ بدل گیا، شاہنواز دھانی

0
1006

ملتان سلطانز کے بولر شاہنواز دھانی کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کے تین میچز کھیل کر ہی ان کے لئے بہت کچھ بدل گیا ہے، اسٹار کرکٹرز کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا، شین بونڈ اور جوفرا آرچر کی طرح بولنگ کرانا خواہش ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں اپنی نپی تلی بولنگ سے سب کی توجہ کا مرکز بن جانے والے ملتان سلطانز کے لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے 22سالہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی 3 میچز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے سب کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

نوجوان بولر نے کہا کہ وہ ضلع لاڑکانہ کے ایک گاؤں میں ننگے پیر کرکٹ کھیلا کرتے تھے، ٹرائلز دینے گئے تو سامان نہیں تھا، دوست سے کرکٹ کٹ مانگ کر گئے۔

انہوں نے بتایا کہ کرکٹ کا جنون اس قدر تھا کہ سہولیات نہ ہونے کے باوجود بھی براہ راست میچز دیکھنے کا کوئی نہ کوئی بندوبست کرلیتے تھے۔

شاہنواز دھانی کہتے ہیں کہ اسٹار کرکٹرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرکے بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، پہلے میچ میں کارلوس براتھ ویٹ نے کافی حوصلہ بڑھایا، اب خواہش ہے کہ شین بونڈ اور جوفرا آرچر کی طرح بولنگ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پی ایس ایل میں کھیلتا دیکھ کر میرے گاؤں میں موجود اور بھی پلیئرز کو امید ہوچلی ہے کہ ان کا مستقبل اچھا ہوسکتا ہے۔