بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات صرف دونوں ٹیموں کے آپسی میچز تک ہی محدود نہیں بلکہ اب زمبابوین ٹیم کے بھارتی کوچ بھی اسی وجہ سے پاکستان کے دورے پر ٹیم کے ہمراہ نہیں آسکے۔
ہرارے میں پاکستانی سفارتخانے نے دورے کے لیے لال چند راجپوت کے ویزہ کا اجرا کردیا تھا لیکن بھارتی سفارتخانے نے زمبابوے کرکٹ کو خط لکھ کر دورے سے استثنی کی درخواست کی تھی۔
بھارتی سفارتخانے نے تحریر کیا تھا کہ اپنے شہریوں کے سفر کے حوالے سے بھارتی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے بھارتی شہری لال چند راجپوت کو محدود اوورز کے میچز پر مشتمل دورہ پاکستان سے استثنیٰ دیا جائے۔
زمبابوے کرکٹ نے بھارتی حکومت کی اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے ہیڈ کوچ کو دورے سے استثنیٰ دے دیا۔
ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کی غیرموجودگی میں زمبابوے نے باؤلنگ کوچ ڈگلس ہونڈو کو پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹیی 20 سیریز کے لیے ٹیم کا قائم مقام ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔
واضح رہے کہ زمبابوے کی ٹیم آج محدود اوورز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچی ہے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جس کا آغاز 30 اکتوبر سے ہو گا۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ایک روزہ کرکٹ میچ 30 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں یکم اور تین نومبر کو دوسرے اور تیسرے ون ڈے میچ مدمقابل ہوں گی۔
اس کے بعد زمبابوے کرکٹ ٹیم لاہور کا سفر کرے گی جہاں پر پانچ اور چھ نومبر کو پریکٹس کے بعد وہ 7 نومبر کو قذافی اسٹیڈیم میں پہلا ٹی20 میچ کھیلے گی۔
سیریز کے بقیہ دونوں ٹی20 میچز 8 اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے اور 12 نومبر کو زمبابوے کی ٹیم ہرارے کے لیے روانہ ہو جائے گی۔