نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن پاکستان نے بلوچستان، سدرن پنجاب نے سندھ کو ہرا دیا

0
1218

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے اہم میچ میں ناردرن پاکستان نے حیدر علی کی شان دار اننگز کی بدولت بلوچستان کو 39 رنز سے شکست دے دی جبکہ سدرن پنجاب نے سندھ کو 70 رنز کے بھاری مارجن سے زیر کرکے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں بحال کر لیں۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ناردرن پاکستان کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور نوجوان بلے باز حیدر علی کو اوپنر کے طور بھیجا گیا۔

حیدر علی نے علی عمران کے ساتھ مل کر پہلی وکٹ میں 92 رنز کی شراکت بنا کر بہترین آغاز کیا۔

علی عمران 41 رنز بنا کر عماد بٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد سہیل اختر اور آصف علی جلدی آؤٹ ہوئے اور 101 پر ناردرن کی 3 وکٹیں گر گئیں۔

حیدر علی نے اپنی برق رفتار نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ٹیم کا اسکور 151 رنز تک پہنچایا تاہم ان کی اننگز 86 رنز پر اختر شاہ کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

شاداب خان نے ناقابل شکست 42 رنز بنا کر حیدر علی کی رکھی گئی بنیاد کو مزید مضبوط کیا جس کے لیے حماد اعظم نے 19 رنز بنا کر ساتھ دیا، تاہم کپتان عماد وسیم صرف ایک رن بنا سکے۔

ناردرن پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 199 رنز بنا کر بلوچستان کی ٹیم کو ایک مشکل ہدف دیا۔

عماد بٹ نے بلوچستان کی جانب سے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

بلوچستان نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا لیکن 69 کے اسکور پر امام الحق 35 رنز کی ایک اچھی اننگز کھیل کر رن آؤٹ ہوگئے اور اویس ضیا کی 34 رنز کی اننگز بھی جلدی ختم ہوئی۔

کپتان حارث سہیل نے 28 رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کے قریب لانے کی کوشش کی لیکن دوسرے اینڈ سے بسم اللہ خان صفر اور عبدول بنگلزئی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔