گپٹل کا لاٹھی چارج، کوئٹہ کی کراچی کو 4 وکٹوں سے شکست

0
461
Pakistan Super League

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 22ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مارٹن گپٹل کی جارحانہ اننگز کی بدولت کراچی کنگز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 165 رنز کا ہدف کوئٹہ نے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز کا آغاز اچھا نہ رہا، پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے میتھیو ویڈ کو میدان بدر کردیا، جبکہ نئے آنے والے بلے باز طیب طاہر 7 جبکہ ان کے بعد قاسم اکرم 8 رنز کے مہمان ٹھہرے۔

اوپننگ بلے باز ایڈم روسنگٹن نے ایک جانب جارحانہ کھیل جاری رکھا لیکن سامنے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

کراچی کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز شعیب ملک تھے جو چھکا لگانے کی کوشش میں 13 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

روسنگٹن کا ساتھ کپتان عماد وسیم نے خوب نبھایا، دونوں کے درمیان 30 گیندوں پر 46 رنز کی پارٹنر شپ نے کراچی کنگز کو باوقار ٹوٹل تک لے جانے میں مدد کی۔

اوپننگ بیٹر ایڈم روسنگٹن 124 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 45 گیندوں پر 69 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے بعد کپتان عماد وسیم نے رنز بنانے کا سلسلہ بڑھایا۔ یہاں ان کا ساتھ آل راؤنڈر عامر یامین نے دیا۔ عماد 30 جبکہ عامر 23 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔

کراچی کنگز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔

کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ایمل خان نے دو، دو جبکہ محمد نواز اور نوین الحق نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ک آغاز بھی اچھا نہ رہا۔ اوپننگ بلے باز عمیر یوسف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ تجربہ کار محمد نواز 15 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

کراچی کے تبریز شمسی نے میچ کا رخ بدلتے ہوئے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے افتخار احمد اور پھر نجیب اللّٰہ زادران کو بالترتیب 4 اور ایک رن پر پویلین بھیج دیا۔

ابتدائی چار وکٹیں گرنے کے بعد کوئٹہ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بیک فٹ پر نظر پر آئی جبکہ اس کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب گزشتہ میچ میں عمدہ بیٹنگ پرفارمنس دینے والے عمر اکمل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جب 63 رنز پر 5 وکٹوں سے محروم ہوگئی تو اس وقت کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا اور گپٹل کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا۔

اسٹریٹیجک ٹائم آؤٹ کے بعد جب کوئٹہ کو جیت کےلیے پانچ اوورز میں 68 رنز درکار تھے تو ایسے میں سرفراز اور گپٹل نے رنز کی رفتار کو آگے بڑھایا۔

گپٹل نے جیمز فلر کے ایک اوور میں 24 رنز بٹور کر گیندوں اور رنز کے بڑے فرق کو کم کردیا۔

دونوں کے درمیان 57 گیندوں پر 95 رنز کی شاندار پارٹنرشپ لگی جس نے کراچی سے جیتی بازی چھین لی۔

سرفراز احمد 158 کے اسکور پر مارٹن گپٹل کی وکٹ بچاتے ہوئے خود رن آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 25 گیندوں پر 29 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

اختتامی لمحات میں ڈیوئین پریٹوریئس نے مسلسل دو گیندوں پر دو چوکے لگا کر گلیڈی ایٹرز کو فتح دلوائی۔

کراچی کنگز کی جانب سے تبریز شمسی 4 اوور کے کوٹہ میں 20 رنز کے عوض 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، جبکہ عامر یامین، محمد موسیٰ اور جیمز فلر کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

میچ میں فتح گر پرفارمنس پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مارٹن گپٹل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پلیئنگ الیونز:

عماد وسیم کراچی کنگز کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ایڈم روسنگٹن، طیب طاہر، شعیب ملک، قاسم اکرم، میتھیو ویڈ، جیمز فلر، عامر یامین، موسیٰ خان، محمد عامر اور تبریز شمسی شامل تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں کپتان سرفراز احمد، مارٹن گپٹل، عمیر یوسف، افتخار احمد، نجیب اللہ زادران، محمد نواز، عمر اکمل، ڈیوئین پریٹوریئس، نسیم شاہ اور نوین الحق شامل تھے۔