کامران غلام اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کےلیے پرامید

0
1293

ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے کامران غلام جنوبی افریقا کے خلاف اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے انتہائی پرامید ہیں۔

قائداعظم ٹرافی کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کامران غلام نے حالیہ انٹرویو میں اپنے کرکٹر سفر پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے سب سے پہلے 20 رکنی قومی اسکواڈ میں اپنے نام کی شمولیت پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ میرے احساسات بہت بلند ہیں۔

کامران غلام نے مزید کہا کہ مجھے بہت ہی زیادہ اچھا لگ رہا ہے میں پاکستان کے 20 کھلاڑیوں میں شامل ہوگیا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ الحمد للّٰہ، اچھی فارم میں ہوں، پرامید ہوں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلنے کا مجھے چانس ملے گا۔

رائٹ ہینڈ بیٹسمین نے مزید کہا کہ اگر مجھے موقع ملے گا تو ملک کے لئے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا، چاہتا ہوں کہ اچھا سے اچھا کروں۔

انہوں نے بتایا کہا کہ میں نے 2010 میں کلب کرکٹ شروع کی،2011-12 میں پاکستان انڈر 19 کے لیے سلیکٹ ہوا، اس کے بعد انگلینڈ کا دورہ کیا، وہاں اچھی کارکردگی دکھائی۔

کامران غلام نے مزید کہا کہ انڈر 19 ٹیم کی طرف سے ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کھیل چکا ہوں، انگلینڈ اور بھارت کے خلاف سنچریاں اسکور کیں اور کئی میچز بھی جتوائے۔

انہوں نے بتایا کہ میں صرف بیٹسمین نہیں اچھا بولر بھی ہوں، جب کپتان کو ضرورت پڑتی ہے گیند بازی میں بھی کارکردگی دکھاتا ہوں۔

انہوں نے اپنی بہتر پرفارمنس کے پیچھے قاضی شفیق لالہ کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے مجھ پر بہت زیادہ محنت کی ہے۔