عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیلی وژن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان معاہدہ خوش آئند ہے، پی ٹی وی نجی چینلز کیساتھ مقابلہ کرے گا تو لوگ فیس دینا چاہیں گے، پی ٹی وی بہتر ہوگا، تو فیس بھی بڑھا دیں گے۔
پی ٹی وی اور پی سی بی میں ڈومیسٹک کرکٹ کے نشریاتی حقوق کے معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کا جو ٹیلنٹ دیکھا دنیا میں کہیں نہیں دیکھا، سسٹم کی وجہ سے ٹیلنٹ اوپر نہیں آتا، آسٹریلیا کا کرکٹ سسٹم سب سے بہتر ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹھیک کرنے کیلئے سسٹم ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی میں کرکٹ انتظامیہ میں من پسند افراد کو جگہ دی گئی، بھارت میں پی ٹی وی کے ڈرامے دیکھے جاتے تھے، وقت کے ساتھ سیکھنے والے ہی ترقی کرتے ہیں، وقت کیساتھ تبدیلی ضروری ہے، جو رک جاتا ہے وہ پیچھے رہ جاتا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اداروں میں سفارش پر لوگوں کو بھرتی کرنا نظام کو کمزور کر دیتا ہے، آسٹریلیا کی ٹیم میں میرٹ ہے اس لیے وہ دنیا پر راج کر رہے ہیں، میرا خواب ہے آئندہ ورلڈکپ میں پاکستان کا ٹیلنٹ نظر آئے۔