ٹیسٹ کم کرکے ٹی 20 میچز بڑھانے پر انضمام الحق کی پی سی بی پر تنقید

0
833

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ہدف تنقید بنالیا۔

اپنے حالیہ بیان میں انضمام الحق نے پی سی بی کے دورہ ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ کم کرکے ٹی 20 میچز بڑھانے کے فیصلے پر کھل کر تنقید کی۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو کسی بھی شارٹ فارم کرکٹ پر قربان نہ کریں، پی سی بی نے ایک ٹیسٹ کی جگہ 2 ٹی 20 بڑھائے، جو غلط ہے۔

سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ دنیا کا کوئی بھی بورڈ ایسا کرتا ہے وہ غلط ہے، اگر کرکٹر ایسا کرنا شروع کردیں تو مشکل ہوجائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلوں سے لگتا ہےکہ پی سی بی کا فوکس شارٹ فارم کرکٹ پر ہے، جنوبی افریقی کھلاڑی نے قومی ڈیوٹی چھوڑ کر لیگ کھیلنے گئے، جو غلط تھا۔

انضمام الحق نے یہ بھی کہا کہ فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ لی تو پی سی بی سمیت کئی لوگوں نے اعتراض کیا۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولر وہاب ریاض سے متعلق بھی باتیں ہوئیں کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے بجائے ٹی 20 اور ون ڈے کھیلنا چاہتا ہے۔