ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کووڈ پابندیوں کے بغیر کھیلی جاسکتی ہے، رمیزراجا

0
840

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے عندیہ دیا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف جون میں شیڈول ایک روزہ سیریز بائیوسیکیور ببل سمیت کووڈ-19 کے حوالے سے پابندیوں کے بغیر کھیلی جاسکتی ہے۔

ڈان کو خصوصی ویڈیو بیان میں چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میچز معمولی حالات میں کھیلے جاسکتے ہیں تاہم اعتراف کیا کہ اقدامات لینے کے خدشات موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری

رمیز راجا نے کہا کہ پی سی بی کا میڈیکل بورڈ اس معاملے کو مختلف زاویے سے دیکھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اس فیصلے کے لیے صرف ایک مسئلہ درپیش ہوسکتا ہے کہ اگر ایک کھلاڑی بھی کووڈ کا شکار ہوگیا تو پھر وائرس تیزی سے پھیلتا ہے تو پھر اتنے دور سے متبادل کھلاڑی کو بلانا ممکن نہیں ہوگا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ دو دھاری تلوار ہے’۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ‘ہمیں اپنے میڈیکل بورڈ سے جو معلومات مل رہی ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اب چیزیں تسلی بخش ہیں اور وائرس اب خطرناک نہیں رہا’۔

رمیز راجا کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب حالیہ سیریز میں آسٹریلیا کی مہمان ٹیم کے تین کھلاڑی وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے آئی تھی اور گزشتہ روز اپنا دورہ مکمل کرکے واپس چلی گئی، جس میں 3 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور ایک ٹی20 میچ شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت، سیریز سے باہر

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ایک روزہ سیریز گزشتہ برس دسمبر میں شیڈول تھی لیکن دورے پر موجود ٹیم کے 3 کھلاڑیوں سیمیت 5 ارکان میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد دورہ ادھورا چھوڑ کر ٹیم واپس چلی گئی تھی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے اس سے قبل 3 ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز مکمل کر لی تھی۔

پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مزید کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے خدشے کے پیش نظر دورہ ادھورا چھوڑ دیا تھا۔

پی سی بی نے گزشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم مؤخر ہونے والی 3 میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کے لیے 5 جون کو پاکستان آئے گی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ایک روزہ سیریز راولپنڈی میں 8، 10 اور 12 جون کو کھیلی جائے گی۔