پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ ون ڈے کی نمبر ون رینکنگ چھن جانے کا افسوس ہے، ورلڈ کپ کیلئے رینکنگ اہم نہیں ہوتی
جیو نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے ورلڈ کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملا، مڈل آڈر بیٹنگ اور مڈل اوور میں بولنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل یہ دونوں کمزوریاں دور کرنی ہوں گی، فیلڈنگ میں بھی بہتری کی گنجائش ہے، ٹی ٹوئنٹی زیادہ کھیلنے کی وجہ سے ون ڈے میچز میں فیلڈنگ کے دوران کبھی کبھی انرجی لیول کم ہو جاتا ہے، مڈل اوور میں ان کا کام وکٹیں لینا ہے جس میں انہیں زیادہ کامیابی نہیں ملی۔
شاداب خان کا کہنا ہے کہ ٹیم میں ان آؤٹ سے کارکردگی میں فرق پڑتا ہے، سیریز میں روٹیشن پالیسی کے تحت نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا، ورلڈ کپ میں سب ٹیمیں میدان میں اترتی ہیں تو صفر پر ہوتی ہیں، ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے زیادہ میچز نہیں ملے۔
نائب کپتان نے کہا کہ کم ون ڈے میچز کی وجہ سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے جا رہا ہوں، کاؤنٹی میں فور ڈے کرکٹ ملے گی لیکن کھیل میں بہتری آئے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ کم میچز ملنے کے باوجود کوشش کریں گے کہ ورلڈ کپ کے لیے خود کو تیار رکھیں، نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ون ڈے میں اچھی کرکٹ ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دی تھی۔ قومی ٹیم پانچ میچوں کی سیریز میں 1-4 سے کامیاب ہوئی تاہم ون ڈے میں پہلی پوزیشن برقرار نہ رکھ سکی۔