ولیمسن، نکولز نے ٹیم پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا

0
1051

کین ولیمسن اور ہینری نکولز نے ٹیم پاکستان کو مشکل میں ڈال دیا ، پاکستانی فیلڈرز نے بھی ہاتھ آئے مواقع ضائع کر دیئے ، نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 3 وکٹ پر 286 رنز بنالیے، کیوی کپتان 112 اور نکولز 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔

کرائسٹ چرچ میں ٹیسٹ کے دوسرے دن نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز شروع کی تو ٹام لیتھم اور بلینڈل نے 52 رنز کا آغاز دیا، بلینڈل 16 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار ہوئے۔

اس کے بعد اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے لیتھم کو 33کے انفرادی اسکور پر چلتا کیا ، کیویز کا اسکور 71 رنز ہوا تو راس ٹیلر محمد عباس کا شکار بن گئے

اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور ہینری نکولز نے شاندار بیٹنگ کی ۔

کپتان کے ساتھ مل کر نکولزرنز بڑھاتے گئے ،ولیمسن نے کیرئیر کی 24ویں اور سیریز میں مسلسل دوسری سنچری مکمل کی ، نکولز نے بھی ففٹی بنائی ۔

میچ میں کیویز نے شاندار بیٹنگ کی تو پاکستانی فیلڈرز نے بھی ہاتھ آئے کیچز گرا دیئے، شان مسعود نے ولیمسن کو چانس دیا تو رضوان نکولز کا کیچ نہ تھام سکے۔

دوسرے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو نیوزی لینڈ نے 3 وکٹ پر 286 رنز بنا لیے تھے، ولیمسن 112 اور نکولز 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 297 رنز بنا ئے تھے اور نیوزی لینڈ کو پاکستان کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 11 رنز درکار ہیں اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔