نیپالی کوہ پیما ٹیم پاک فوج کے ہیلی کاپٹر میں شگر پہنچ گئی

0
1125

موسم سرما میں کے ٹو کو پہلی بار سر کرنے والی نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم کا شگر میں پرتپاک استقبال کیا گیا، پاک فوج نے نیپالی ٹیم کو شگر آنے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کیا۔

نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم آج ہیلی کاپٹر کے زریعے شگر پہنچی جہاں صوبائی وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان اور چیف سیکرٹری خرم آغا نے ٹیم کے تمام ممبران کا پُرتپاک استقبال کیا اور فاتح ٹیم کے ممبران کو روایتی ٹوپیاں اورچوغہ پہنایا۔

اس موقع پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیپالی ٹیم کے سربراہ نیرمل پور جا نے کہا کہ پاکستان نیپالی عوام کا دوسرا گھر ہے اور ہماری یہ کامیابی پاکستانیوں اور نیپالیوں کی مشترکہ کامیابی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پہاڑ اور دیگر قدرتی وسائل کو درپیش انوئرنمنٹل خطرات ہمارے مشترکہ مسائل ہیں اور اب ہمیں موسمی تبدیلی اور ماحولیات خطرات سے مل کر نمٹنا ہوگا۔

نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم کل اسکردو سے اسلام آباد روانہ ہوگی جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔