نیوزی لینڈ کےخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان، حسن علی بھی شامل

0
469

نیوزی لینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، فاسٹ باؤلر حسن علی ٹیم میں شامل جبکہ بلے باز کامران غلام بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کامران غلام کو اظہر علی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا، جنہوں نے گزشتہ ہفتے ریٹائرمنٹ لے لی تھی جبکہ محمد علی کو ڈراپ کرکے حسن علی کو اسکواڈ میں ایک بار پھر شامل کیا گیا ہے.

فہیم اشرف اور محمد علی کو کراچی میں جاری پاکستان کپ میں شرکت کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔‎

بیان میں بتایا گیا کہ فاسٹ باؤلر حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے، وہ مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے، جس کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق فاسٹ باؤلر نسیم شاہ جو کندھے کی انرجی کی وجہ سے ملتان اور کراچی ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے، وہ صحت یاب ہوگئے ہیں، انہیں اسکواڈ میں برقرار رکھا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، نعمان علی، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور زاہد محمود شامل ہیں۔

خیال رہے کہ کامران غلام نے 44 فرسٹ کلاس میچوں کی 75 اننگز میں 47.36 کی اوسط سے 3268 رنز بنا رکھے ہیں، جس میں 10 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں، ان کا زیادہ سے زیادہ انفرادی اسکور 166 ہے۔

انہوں نے رواں برس قائد اعظم ٹرافی میں 8 میچوں کی 14 اننگز میں ایک سنچری اور 5 نصف سنچروں کی مدد سے 597 رنز بنائے تھے اور وہ زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں 16ویں نمبر پر ہیں۔

رواں برس محمد ہریرہ 11 میچوں کی 18 اننگز میں 73.14 کی اوسط سے 1024 رنز بنا کر سرفہرست ہیں۔

واضح رہے کہ کامران غلام کو پہلی بار جنوری 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے سیریز کے لیے 20 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

پی سی بی نے 2 ٹیسٹ اور 3 ایک روز میچوں کی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان بھی کر دیا۔

26 سے 30 دسمبر تک کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے ایلکس ہارف اور علیم ڈار (آن فیلڈ امپائر)، تھرڈ اور فورتھ امپائر احسن رضا اور آصف یعقوب جبکہ میچ ریفری محمد جاوید ملک ہوں گے۔

دوسرا ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا، جس میں ایلکس ہارف اور علیم ڈار (آن فیلڈ امپائر)، تھرڈ اور فورتھ امپائر احسن رضا اور راشد ریاض جبکہ میچ ریفری ڈیوڈ بون ہوں گے۔

پی سی بی کی جانب سے ون ڈے سیریز کے لیے بھی آفیشلز کا اعلان کر دیا گیا، تینوں ایک روزہ میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

پہلا میچ 10 جنوری کو ہوگا، جس کے لیے ایلکس ہارف اور علیم ڈار (آن فیلڈ امپائر)، آصف یعقوب تھرڈ امپائر اور فیصل آفریدی فورتھ امپائر ہوں گے جبکہ میچ ریفری کے فرائض ڈیوڈ بون انجام دیں گے۔

12 جنوری کو دوسرے ایک روزہ میچ میں آن فیلڈ امپائر علیم ڈار اور راشد ریاض ہوں گے جبکہ تیسرے اور چوتھے امپائر بالترتیب آصف یعقوب اور فیصل آفریدی ہوں گے، اور میچ ریفری کے فرائض ڈیوڈ بون انجام دیں گے۔

تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل کراچی میں 14 جنوری کو کھیلا جائے گا، جس میں امپائر کے فرائض علیم ڈار اور احسن رضا انجام دیں گے، اس کے ساتھ تیسرے امپائر راشد ریاض، چوتھے امپائر فیصل آفریدی اور میچ ریفری کے لیے ڈیوڈ بون کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔