نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: کے پی نے سدرن پنجاب، سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو ہرادیا

0
1155

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلے کے اہم میچ میں خیبرپختونخوا (کے پی) کی ٹیم نے فخر زمان کی شان دار بلے بازی کی بدولت سدرن پنجاب کو 73 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی جبکہ دوسرے میچ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود ٹاس جیت کر ایک مرتبہ پھر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

خیبر پختونخوا کے کپتان محمد رضوان 28 کے مجموعی اسکور پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد فخر زمان نے اپنی شان دار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔

فخر زمان اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ میں ٹیم کا اسکور 99 رنز تک پہنچایا، اس دوران فخر نے اپنی نصف سنچری بنائی۔

خیبرپختونخوا کی جانب سے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جنہوں نے 68 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ 17 رنز بنانے والے محمد حفیظ صرف ایک رن کے اضافے پر پویلین لوٹے۔

تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے آؤٹ ہوئے بغیر 33 رنز بنا کر ٹیم کو بڑا اسکور ترتیب دینے میں اہم کردار ادا کیا جس کے لیے انہوں نے 28 گیندوں کا سامنا کیا اور صرف ایک چوکا لگانے میں کامیاب ہوئے۔

افتخار احمد 4 چھکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد مصدق احمد بیٹنگ کے لیے آئے جنہوں نے آؤٹ ہوئے بغیر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے صرف 9 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔

خیبر پختونخوا نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 205 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کی کمزور ٹیم کو ایک بڑا ہدف دیا۔

عامر یامین اور محمد الیاس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایک بڑے ہدف کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم کے کپتان شان مسعود کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔

ناقص آغاز کے بعد زین عباس اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو سہارا دیا اور 21 رنز تک پہنچایا مگر ذیشان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم صہیب مقصود نے 17 رنز بنا کر 61 کے اسکور پر زین عباس کا ساتھ دیا۔

ٹورنامنٹ کی تیز ترین سنچری بنانے والے خوشدل شاہ 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سدرن پنجاب کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور ٹیم سنبھل نہ پائی۔

زین عباس 34 رنز بنا کر اور عامر یامین صفر پر محمد حفیظ کی فیلڈنگ پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ وہاب ریاض نے حسین طلعت کی 13 رنز کی اننگز تمام کی۔

سدرن پنجاب کی ٹیم جب انتہائی مشکل میں تھی تو محمد عمران جونیئر نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے لیکن 2 رنز کے فرق سے اپنی نصف سنچری بھی مکمل نہ کرپائے۔