نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن پاکستان اور بلوچستان اپنے میچز میں کامیاب

0
1189

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ناردرن پاکستان نے سندھ کو 13 رنز جبکہ بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 16 رنز سے شکست دے دی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ناردرن پاکستان اور سندھ کے درمیان کھیلے گئے میچ میں سندھ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو اس کے زیادہ اچھا ثابت نہ ہوا۔

ناردرن پاکستان کے اوپنرز نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد علی عمران 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد حیدر علی نے ذیشان ملک کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا، لیکن 139 کے مجموعے پر 35 رنز بنانے کے بعد ان کی ہمت جواب دے گئی اور وہ کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ذیشان ملک نے 52 گیندوں پر 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو بڑے ہدف تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، 169 کے مجموعی اسکور پر سہیل خان نے انہیں بولڈ کیا۔

کپتان شاداب خان 15 اور آصف علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمر امین اور محمد نواز بالترتیب 20 اور 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ناردرن پاکستان نے مقرر اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں سندھ کا آغاز اچھا نہ تھا اور جارح مزاج شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد خرم منظور اور اعظم خان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، اعظم خان نے 28 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی کس کے بعد 83 کے مجوعے پر شاداب خان نے انہیں آؤٹ کیا۔

خرم منظور نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 52 گیندوں پر 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن ان کے یہ رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔

سندھ کی ٹیم مقرر اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔

انور علی 37، کپتان سرفراز احمد 11 اور احسن علی 4 رنز بنا سکے۔

ناردرن پاکستان کے شاداب خان، محمد نواز اور حارث رؤف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شاندار بلے بازی پر ذیشان ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔