میرے دشمن بھی اپنی گاڑی میں میرے گانے بجاتے ہیں، میشا شفیع

0
1002

پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ میشا شفیع نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کے دشمن بھی اپنی گاڑی میں اُن کے گانے بجاتے ہیں۔

میشا شفیع نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نئی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ہاتھ میں مائیک تھامے گانا گنگناتی نظر آرہی ہیں۔

گلوکارہ نے اپنی اس تصویر کو ایک شاعرانہ طرز کا کیپشن دیتے ہوئے لکھا:

کیسا عجب کرم ہے میشا  کہ تمہارے دشمن بھی تمہارے گانے گاتے ہیں
چُھپ چُھپ کے باقی دُنیا سے، اپنی گاڑی میں بجاتے ہی
ں

میشا شفیع کے اس طنزیہ پیغام پر سوشل میڈیا صارفین کا تبصرہ جاری ہے، کچھ صارفین گلوکارہ کے پیغام کو سراہا رہے ہیں تو وہیں کچھ لوگ اُن پر تنقید کرتے بھی دکھائی دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ میشا شفیع کی جانب سے گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے گئے تھے۔

سپریم کورٹ نے گلوکارہ میشا شفیع کے کیس کو پہلے سے اعلیٰ عدلیہ میں زیر سماعت جنسی ہراسانی کے از خود نوٹس کیس میں ضم کردیا۔

میشا شفیع نے دسمبر 2019 میں جنسی ہراسانی کی شکایت گورنر پنجاب اور محتسب اعلیٰ پنجاب کی جانب سے مسترد کیے جانے اور بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے بھی اپنی درخواست مسترد کیے جانے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

تینوں مقامات سے درخواست مسترد ہوجانے کے بعد میشا شفیع نے دسمبر 2019 میں سپریم کورٹ میں مذکورہ معاملے پر درخواست دی تھی، جس پر پہلی سماعت ایک سال بعد 11 جنوری 2021 کو ہوئی۔

میشا شفیع کی درخوست پر جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مختصر سماعت کرتے ہوئے میشا شفیع اور علی ظفر کے وکلا کو اپنے اعتراضات جلد جمع کروانے کی ہدایت کی۔