پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے نیوزی لینڈ میں شرمناک شکست کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ انیس دن ہم نے کمروں میں گزارے ٹریننگ نہیں کر سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جانے سے قبل ریگولر اوپنر فخر زمان کا ان فٹ ہونا بھی نقصان کا باعث بنا، بابر اعظم کا نہ ہونا ایسے ہی ہے جیسے نیوزی لینڈ کے پاس کین ولیمسن کا نہ ہونا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے دورہ نیوزی لینڈ میں شکست کا مزہ چکھنے کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ میں ہار پر مجھے اور ٹیم کو مایوسی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی اور حقائق پر بات کرنے آیا ہوں، نیوزی لینڈ کی موجودہ ٹیم مضبوط ترین ٹیموں میں ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے ہم سے بہتر کرکٹ کھیلی وہ سیریز کھیلتے ہوئے آرہے تھے، سب کوچز کو کورونا کی وجہ سے مسائل پیش آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کی کرکٹ پچھلے ڈیڑھ سال کی کرکٹ سے مختلف ہے، کرکٹ کمیٹی کا اجلاس معمول کی بات ہے، میں گورننگ بورڈ میں بھی پیش ہو چکا ہوں۔
مصباح الحق نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی کو مکمل بریفنگ دوں گا،امید ہے کہ وہ بات کو سمجھیں گے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ہم جیسی کرکٹ کھیلتے آئے ہیں کارکردگی اس کے مطابق نہیں رہی، میں معذرت کرنے نہیں آیا مایوسی ہے کہ ہم سیریز ہارے ہیں۔