مسجد الحرام کے دروازے سے گاڑی ٹکرانے والے ملزم کو قانونی کارروائی کا سامنا

0
1286

سعودی عرب کے شہر مکہ میں مسجد الحرام کے دروازے سے تیز رفتار کار ٹکرانے والے ملزم کو حکام نے گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوٹرز کے حوالے کردیا، جسے اب قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

سعودی عرب کے اخبارسعودی گزٹ کے مطابق مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقام کا درجہ رکھنے والے مسجد الحرام کے دروازے سے تیز رفتار کار ٹکرانے کا واقعہ 30 اور 31 اکتوبر کی درمیانی شب رات 10 بجے کے بعد پیش آیا تھا۔

واقعے کی جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تیز رفتار کار مسجد الحرام کے مرکزی دروازے سے ٹکراجاتی ہیں، جس کے بعد سیکیورٹی پر مامور افراد گاڑی کے قریب پہنچ جاتے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے دروازے سے ٹکرا جانے والی کار کو باہر نکالا اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔

سعودی گزٹ نے سرکاری خبر رساں ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے گرفتار کیے گئے ملزم کو مکہ کے پبلک پروسیکیوشن دفتر کے حوالے کردیا۔

حکام نے تصدیق کی کہ واقعے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ کار چلانے والے ملزم کی شناخت سعودی شہری کے طور پر ہوئی۔

حکام کے مطابق واقعہ تیز رفتاری اور ڈرائیور کی جانب سے نامناسب حالت میں ڈرائیونگ کرنے کی وجہ سے پیش آیا تاہم ڈرائیور کی نامناسب حالت سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

فوری طور پر حکام نے واقعے میں تخریب کاری کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ واقعہ ڈرائیور کی غلفت اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

مذکورہ واقعے میں ملوث ملزم کو پبلک پراسیکیوٹرز کے حوالے کردیا گیا ہے، جو ملزم کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی کریں گے۔

مسجد الحرام کو مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقامات میں شمار کیا جاتا ہے، مذکورہ مسجد کے احاطے میں خانہ کعبہ واقع ہے، جہاں مسلمان فریضہ حج کے دوران طواف کرتے ہیں۔