قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ارجنٹینا نے فرانس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ پر شکست دے دی اور تیسری بار عالمی چیمپئن بن گیا۔
اس سے قبل ارجنٹینا 1978 اور 1986 میں دو بار فٹ بال ورلڈ کپ کا چیمپئن رہ چکا ہے۔
قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈکپ فائنل میں اسٹار کھلاڑی لیونل میسی نے 23ویں منٹ میں فرانس کے خلاف گول اسکور کیا۔
ارجنٹینا کے کپتان نے گروپ مرحلے، راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور اب فائنل میں بھی گول اسکور کر دیا۔
لیونل میسی نے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 26 میچزکھیلنے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا۔
ارجنٹینا نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اینجل ڈی ماریا نے 36ویں منٹ میں ایک اور گول داغ کر فرانس کے خلاف 0-2 کی برتری دلادی۔
پہلے ہاف کے اختتام تک دفاعی چیمپئن فرانس نے گول کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکی، ارجنٹینا کو 0-2 کی برتری حاصل تھی۔
دوسرا ہاف شروع ہوا تو دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کی کوشش کی، تاہم 79 منٹ تک کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔
بعد ازاں، فرانس کے کھلاڑی کائیلیان ایمباپے نے یکے بعد دیگرے 80ویں اور 81ویں منٹ میں گول اسکور کر دیا، اس طرح ارجنٹینا اور فرانس کے درمیان جاری فائنل 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔
دوسرے ہاف کے اختتام پر مقابلہ 2-2 سے برابر تھا، میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے 30 منٹ کا اضافی وقت دیا گیا ہے۔
مایہ ناز کھلاڑی لیونل میسی نے 108ویں منٹ میں ایک اور گول کرکے ارجنٹینا کو 2-3 سے برتری دلا دی۔
لیکن یہ برتری زیادہ تر تک نہیں رہ سکی، فرانس کی جانب سے کائیلیان ایمباپے نے 118ویں منٹ میں ایک اور گول اسکور کر دیا۔
اضافی وقت میں بھی مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا، میچ کا فیصلہ پنالٹی شوٹ پر ہوا۔
فرانس صرف 2 گول کرپایا جبکہ ارجنٹینا نے 4 گول کیے، یوں پنالٹی شوٹ میں میسی کی ٹیم نے مقابلہ 2-4 سے جیتا۔
فائنل مقابلے سے قبل ورلڈکپ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب ہوئی۔
میچ شروع ہونے سے قبل ہی شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم میں پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ ڈان کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں فٹ بال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک لیونل میسی ارجنٹائن کے لیے عالمی کپ اٹھانے کے اپنے دیرینہ خواب کو پورا کرنے کی سر توڑ کوشش کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرنے کے لیونل میسی کے ممکنہ آخری موقع کی راہ میں اسٹار کھلاڑی کائیلیان ایمباپے اور فرانس کی مضبوط ٹیم حائل ہے جو 1958 اور 1962 میں لگاتار دو عالمی کپ جیتنے والی برازیل کی ٹیم کے یکے بعد دیگرے دو ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بننے کے لیے پرعزم ہے۔
35 سالہ لیونل میسی دنیا کے بہترین کھلاڑی کا ’بیلن ڈی اور کا ’ ایوارڈ 7 مرتبہ حاصل کرچکے ہیں لیکن آخری بار جب ان کی ٹیم ورلڈ کپ فائنل میں پہنچی تھی تو اسے 2014 میں اسے جرمنی کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست ہوئی تھی۔
لیونل میسی کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب آج دنیا کی مرکز نگاہ ہوگا جب 89 ہزار شائقین کی گنجائش کے حامل شاندار اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
میچ سے قبل ارجنٹائن کے گول کیپر کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ فیورٹ فرانس ہے لیکن ہمارے پاس اب تک کا سب سے بڑا کھلاڑی ہے۔