فٹ بال معاملات گھمبیر، نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ کے استعفیٰ کی بازگشت

0
1078

فٹ بال کی عالمی تنظییم (فیفا) کی جانب سے پاکستانی فٹ بال کے مسائل کو حل کرنے اور پی ایف ایف کے انتخابات کرا کے اقتدار منتخب عہدیداروں کے حوالے کرنے کے حوالے سے نارملائزمیشن کمیٹی بری طرح نکام ہوچکی ہے۔

پاکستانی فٹ بال کے مسائل انتہائی گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں جس کے نتیجے میں فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا پاکستان فٹ بال کے معاملات میں ایک بار پھر مداخلت کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں، پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ حمزہ خان پاکستانی فٹبال کے معاملات کو نبھانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اس سے پہلے کہ فیفا کوئی ایکشن لے انہوں نے اپنا استعفیٰ فیفا کو بھجوا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق2016ء میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کے بعد صورتحال انتہائی بد تر ہوگئی تھی اور عہدوں کے چکر میں فیڈریشن کے کئی گروپ بن گئے تھے۔

فٹ بال کی عالمی تنظیم نے ان تمام حالات کو دیکھتے ہوئے پہلے پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی عائد کی اور گزشتہ سال کے اواخر میں پاکستانی فٹ بال کے معاملات کو سلجھانے کے لیے پی ایف ایف کے انتخابات کر اکے اقتدار منتخب نمائندوں کو حوالے کرنے کے لیے نارملائزیشن کمیٹی کا اعلان کیا تھا۔

حمزہ خان کو پانچ رکنی کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا لیکن حمزہ خان نے گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان فٹ بال کے معاملات کو حل کرنے کے بجائے اپنے کلب کے معاملات کو آگے بڑھایا اور ایک سال سے بھی زائد وقت لینے کے باوجود فیفا کی جانب سے دیئے گئے کام کو منتقی انجام تک نہیں پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق اس سے پہلے کے فیفا یا اے ایف سی کوئی ایکشن لے اور نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ کو فارغ کرے انہوں نے اپنا استعفیٰ فیفا کو بھجوا دیا ہے۔