فٹبال ورلڈ کپ: سربیا، کیمرون کا میچ برابر، گھانا، برازیل کی فتح

0
457

قطر میں جاری فٹ بال ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جہاں آج کھیلا گیا پہلا میچ سربیا اور کیمرون کے درمیان نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا جبکہ گھانا نے جنوبی کوریا اور برازیل نے سوئٹزرلینڈ کو شکست دے دی۔

الجنوب اسٹیڈیم میں پہلا میچ گروپ جی کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، جس میں سربیا اور کیمرون کی ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے اور دونوں جانب سے3،3 گول کیے گئے۔‎

کیمرون کے جین چارلس کیسٹیلیٹو نے 29 ویں منٹ میں پہلا گول کیا اور سربیا کی ٹیم کو پریشانی میں مبتلا کردیا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔

ہاف ٹائم سے قبل سربیا نے اچانک تیزی لاتے ہوئے 45 ویں منٹ میں یکے بعد دیگر دو گول کیے اور کیمرون پر ایک گول کی برتری حاصل کرلی۔

سربیا کی جانب سے اسٹریہنجا نے ٹیم کا پہلا گول کیا، جس کے بعد سرگیج میلینکووچ نے دوسرا گول کیا۔

وفقے کے بعد دوبارہ کھیل شروع ہوا تو سربیا نے ایک اور گول داغ دیا تو بظاہر ایسا لگا کہ جیت پر مہرثبت کردی لیکن کیمرون کے کھلاڑیوں کو یہ منظور نہیں تھا۔

سربیا کے الیکزینڈر میٹرووچ کی جانب سے 53 ویں منٹ میں گول کیا گیا جس کے جواب میں کیمرون کے ونسینٹ ابوبکر نے 63 ویں منٹ میں گول کیا اور مارجن ایک گول کا رہ گیا۔

کیمرون نے مقابلہ برابر کرنے کی کوششیں جاری رکھیں اور ان صرف 3 منٹ کا انتظار کرنا پڑا، جس کے بعد ایرک میکسم چاؤپو موٹنگ گول کرکے سربیا کی برتری ختم کردی۔

مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کو برتری حاصل نہ ہوسکی اور میچ 3-3 گول کے ساتھ برابر رہا۔

کیمرون اور سربیا کو ایک،ایک پوائنٹ دیا گیا لیکن دونوں ٹیمیں ٹیبل پر آخری نمبر پر ہیں جبکہ گروپ میں سرفہرست برازیل اور دوسرے نمبر پر سوئٹزرلینڈ ہے۔

گھانا نے جنوبی کوریا کو زیر کردیا

ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئےگروپ ایچ کے میچ میں گھانا کی ٹیم چھائی رہی لیکن جنوبی کوریا کی ٹیم نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔

گھانا کے محمد قدوس نے دو گول کیے اور ٹیم کو فتح دلائی—فوٹو:رائٹرز

گھانا کے محمد سیلیسو نے 24 ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کے عزائم ظاہر کر دیے تھے، جس کو محمدقدوس نے 34 ویں منٹ میں دوگنا کردیا۔

وقفے سے قبل گھانا نے 2 گول کرکے برتری کرلی تھی لیکن جب وقفہ ختم ہوا تو جنوبی کوریا بدلہ لینا شروع کیا اور پہلا گول 58 منٹ میں کیا اور اس کے بعد جلد ہی 61 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے میچ برابر کردیا۔

جنوبی کوریا کی جانب سے چو گوئی سنگ نے دونوں گول کیے اور ٹیم کو جیت کی امید دلائی لیکن مخالف ٹیم نے اس برتری کو عارضی ثابت کردیا۔

گھانا کے محمد قدوس نے 68 ویں منٹ میں انفرادی طور پر دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے ایک دفعہ پھر برتری دلائی۔

جنوبی کوریا کے کھلاڑیوں نے بڑی محنت کی لیکن وہ مزید گول کرنے میں ناکام رہے اور کھیل کے اختتام پر گھانا کو ان پر برتری حاصل رہی۔

گھانا نے جنوبی کوریا کو 2-3 سے شکست دے کر 3 قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے اور پوائنٹس ٹیبل میں یوروگوئے جیسی مضبوط ٹیم سے آگے نکل گئی، جو صرف ایک میچ کھیل کر ایک پوائنٹ حاصل کرپائی ہے۔

جنوبی کوریا پوائنٹس ٹیبل پر ایک پوائنٹ کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

برازیل کی دوسری فتح

برازیل نے دو کامیابیوں کے ساتھ پوائنٹس کی تعداد 6 کردی—فوٹو: اے ایف پی

برازیل اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان گروپ جی کا میچ اسٹیڈیم 974 (راس ابو عبود) میں کھیلا گیا جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

برازیل نے شروع میں ایک گول کرکے برتری حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن ریفری نے فاؤل قرار دیتے ہوئے گول منسوخ کردیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

گروپ کی سرفہرست ٹیم برازیل نے دوسرے ہاف میں 83 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی جیت کی بنیاد رکھی جبکہ سوئٹزرلینڈ کے کھیل کو دیکھتے ہوئے برازیل کی جیت یقینی نظر نہیں آرہی تھی۔

برازیل کے کاسمیرو نے گول کرکے ٹیم کو فتح دلائی، دونوں ٹیموں نے میچ کے آخری لمحے تک ایک دوسرے زبردست مقابلہ کیا تاہم واحد گول کرنے میں کامیابی برازیل کو 6 پوائنٹس دلانے کے لیے کافی ثابت ہوئی۔

اس میچ کے بعد گروپ جی سے برازیل کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ کوارٹر فائنل تک رسائی کرنے کی پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ سوئٹزرلینڈ شکست کے باوجود 3 پوائنٹس حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے۔

کیمرون اور سربیا کی ٹیمیں تاحال کوئی میچ جیتنے میں ناکام ثابت ہوئیں اور ایک،ایک پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔