شاہین شاہ اور سرفراز احمد کی نوک جھونک، شائقینِ کرکٹ کیا کہتے ہیں؟

0
833

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے میچ میں کپتان سرفراز احمد اور مخالف ٹیم کے بولر شاہین آفریدی کے درمیان نوک جھونک پر سوشل میڈیا پر شائقین کرکٹ بھی اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کچھ صارفین سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آرہے ہیں تو کچھ شاہین شاہ آفریدی کے بولنگ کرواتے وقت جارحانہ مزاج کی حمایت کررہے ہیں۔

میچ کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر اس معاملے نے گرما گرم بحث چھیڑ دی تھی جس پر سب ہی تکرار کرتے نظر آئے اور ایسے میں یہ دونوں نام ’سرفراز‘ ’شاہین‘ ٹرینڈ میں بھی نظر آنے لگے۔

شاہین شاہ اور سرفراز میں آخر نوک جھونک کا کیا معاملہ ہے؟

ابوظہبی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 19ویں اوور کی آخری گیند پر شاہین آفریدی نے 147 کلومیٹر گھنٹہ فی رفتار کی باؤنسر کروائی جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین سرفراز احمد کے ہیلمٹ پر لگی۔

سرفراز اس گیند پر صرف ایک رن بنا سکے ، رن بنانے کے بعد دوسرے اینڈ پر پہنچنے کے بعد وہ شاہین آفریدی سے کچھ کہتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔

کمنٹیٹر رمیز راجہ کے مطابق ، سرفراز نے ضرور شاہین کو پُرسکون رہنے کا کہا ہوگا۔

یہاں سرفراز احمد کی بات پر شاہین آفریدی نے بھی آگے سے غصے میں کچھ کہا، فیلڈ میں موجود کھلاڑیوں اور امپائرز نے معاملہ ختم کروایا۔

معاملے پر سوشل میڈیا پر جاری بحث:

یہ معاملہ گراؤنڈ میں تو رفع دفع ہوگیا اور اننگز کے اختتام پر شاہین آفریدی نے اس معاملے کو زیادہ بڑھاوا نہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب کھیل کا حصہ ہے، میں نہیں چاہتا مجھے کوئی چوکا مارے۔

لیکن سوشل میڈیا پر اس بحث میں حصہ لینے والوں کی رائے دونوں کھلاڑیوں کی حمایت میں سامنےآئی، کچھ شائقین کرکٹ سرفراز کا ساتھ دیتے دکھائی دیے تو کچھ نے شاہین شاہ کے جارحانہ مزاج کی حمایت کی ۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے محض میمز کے ذریعے ہی اس بحث میں حصہ لیا۔