سنیل گواسکر بھارتی کرکٹر سرفراز خان کی حمایت میں سامنے آگئے

0
574
سنیل گواسکر بھارتی کرکٹر سرفراز خان کی حمایت میں سامنے آگئے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر بھارتی کرکٹر سرفراز خان کی حمایت میں سامنے آگئے۔

بھارت کے ڈومیسٹک کرکٹ میں مسلسل شاندار بیٹنگ پرفارمنس دینے کے باوجود سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام ہونے کے بعد اب سنیل گواسکر نوجوان کرکٹر کی حمایت میں سامنے آگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل گواسکر نے سلیکٹرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آپ دبلے پتلے لڑکوں کو ڈھونڈ رہے ہیں تو آپ کو فیشن شو میں جانا چاہیے اور وہاں ماڈلز کو ڈھونڈ کر انہیں بیٹ اور بال تھما کر ان کو سکھائیں۔

سنیل گواسکر نے کہا کہ اس طرح کرکٹ نہیں چلتی، کھلاڑی ہر طرح کے موجود ہیں، آپ جسامت پر نہیں کھلاڑیوں کے رنز اور اسکورز کو دیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی گراؤنڈ سے باہر سنچری نہیں بناتا، اس کی کارکردگی بتاتی ہے کہ وہ فٹ ہے۔

اس سے قبل بھارت کے سابق فاسٹ بولر وینکاتیش پرساد نے بھی 25 سالہ سرفراز خان کی حمایت میں بیان جاری کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سرفراز خان نے حال ہی میں ڈومیسٹک کرکٹ میں تیسری سنچری اسکور کی ہے۔