ساؤتھ افریقا کے خلاف کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، انضمام الحق

0
1125

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے جنوبی افریقا کے خلاف 18 سال بعد کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ساؤتھ افریقا کے خلاف کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔

سابق کپتان و سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ محمد رضوان اور حسن علی نے شاندار کھیل پیش کیا۔

انضمام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کی لوئر آرڈر بیٹنگ دونوں ٹیموں کے درمیان فرق تھا، نوجوان ٹیم نے ہوم گراؤنڈ میں اعلیٰ کارکردگی دکھائی۔

اُنہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں اسپنرز اور دوسرے ٹیسٹ میں فاسٹ بولرز نے فتح سے ہمکنار کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی کارکردگی میں دن بدن بہتری آرہی ہے جبکہ حسن علی نے فرسٹ کلاس کھیل کر فارم فٹنس اور ردہم حاصل کیا۔

انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کا کردار بھی قابل تعریف ہے جبکہ مصباح الحق وقار یونس اور یونس خان کے لیے سیریز بڑی اہم تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقا کو راولپنڈی ٹیسٹ کے آخری دن 95 رنز سے ہرا کر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

پاکستان نے جنوبی افریقا کو آخری بار 2003 ء میں ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی، پاکستان نے موجودہ سیریز دو صفر سے جیت کر آئی سی سی رینکنگ میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔