زمبابوے کے دو کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے

0
1250

دورہ پاکستان کے لیے اعلان کردہ زمبابوے کی ٹیم کے 2 کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کے دو اراکین کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آ گئے۔

پاکستان کے اعلان کردہ 25 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں ریگس چکابوا اور ٹمی سین موروما بھی شامل تھے جنہیں پاکستان کا سفر کرنا تھا لیکن انہیں پاکستان پہنچنے والے 20 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

چکابوا اور مروما ہرارے کی زمبابوے کرکٹ اکیڈمی میں بائیو سیکیور ببل میں ایک ہی کمرے میں رہ رہے تھے اور دونوں کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

اس کے بعد جو کھلاڑی بھی ان سے رابطے میں آئے تھے ان کی اسکریننگ اور ٹیسٹ کیے گئے جس کئے نتیجے میں سپورٹ اسٹاف کے دو اراکین کے ٹیسٹ مثبت آ گئے۔

ان چاروں افراد کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے اور اسی وجہ سے انہیں دورہ پاکستان کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

یہ ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود زمبابوے کا دورہ پاکستان کھٹائی میں نہیں پڑا اور زمبابوے کی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے جسے یہاں پہنچنے سے قبل ان چاروں افراد سے الگ ایک ہوٹل میں رکھا گیا تھا۔

پاکستان روانگی سے قبل تمام افراد کے ٹیسٹ منفی اور پاکستان آنے کے بعد کیے گئے ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی رہے۔

اس وقت زمبابوین ٹیم قرنطینہ میں ہے جس کا خاتمہ منگل کو ہو گا اور اس قرنطینہ کے مکمل ہونے کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

زمبابوے کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ چکابوا اور مروما جبکہ سپورٹ اسٹاف کے دو اراکین انفیکشن کی زد میں آئے اور کووڈ 19 کے پروٹوکول کے تحت وہ اس وقت آئسولیشن میں ہیں۔

بورڈ نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ یہ چاروں افراد جلد صحتیاب ہو جائیں گے اور دوبارہ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ زمبابوے کی ٹیم تین ون ڈے اور ٹی20 میچز کے لیے پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی ہے۔

گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں جس کے بعد کھلاڑی بائیو سیکیور ببل میں چلے گئے ہیں۔