زمبابوے سے سیریز: قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آ گئے

0
1190

زمبابوے کے خلاف سیریز سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں جس کے بعد کھلاڑی بائیو سیکیور ببل میں چلے گئے ہیں۔

قومی ٹیم ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے بدھ کو لاہور پہنچی تھی جہاں کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے۔

ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ سپورٹ اسٹاف کے بھی کورونا ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں جس کے بعد وہ مقامی ہوٹل میں بائیو سیکیور ببل میں چلے گئے ہیں۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز میں تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، جس کا آغاز 30 ​​اکتوبر سے ہو گا۔

30 اکتوبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز پاکستان کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کے ساتھ ہی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی ورلڈ کپ سپر لیگ کا آغاز ہو رہا ہے جس کی سرفہرست 7 ٹیمیں ایونٹ میں براہ راست شرکت کی اہل ہوں گی جبکہ بھارت کی ٹیم میزبان ہونے کی وجہ سے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے۔

آئی سی سی نے ون ڈے کرکٹ فراہم کرنے کے لیے سپر لیگ متعارف کرائی ہے اور وہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کی اہلیت کے طور پر کام کرے گی۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے میچ اصل میں ملتان کے لیے شیڈول تھے لیکن لاجسٹیکل اور آپریشنل چیلنجز کی وجہ سے انہیں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔

سیریز کیلئے میچز آفیشلز کا اعلان

دوسری جانب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے تمام مقامی امپائرز آفیشلز کے فرائض انجام دیں گے۔

سیریز کےلئے اعلان کردہ امپائرز پینل میں علیم ڈار، احسن رضا، آصف یعقوب ، راشد ریاض اور شوزب رضا شامل ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پروفیسر جاوید ملک کوسیریز کےلئے میچ ریفری مقرر کیا ہے۔

30 اکتوبر سے 10 نومبر تک جاری رہنے والی سیریز کے 6 میچوں میں 5 میچوں میں ریکارڈ ساز امپائرز علیم ڈار آن فیلڈ امپائرنگ کے فرائض انجام دینگے۔ تین مرتبہ آئی سی سی امپائر آف دی ائیر کا اعزاز اپنے نام کرنے والے پاکستانی امپائر علیم ڈار اس وقت آئی سی سی ایلیٹ پینل برائے امپائرز میں شامل ہیں۔

انہیں سیریز میں شامل تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں سمیت پہلے اور تیسرے ٹی20 میچ کے لیے بھی آن فیلڈ امپائر مقرر کیا گیا ہے جبکہ وہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی تھرڈ امپائر کی حیثیت سے ذمے داریاں نبھائیں گے۔