راولا کوٹ ہاکس کشمیر پریمیئر لیگ کے پہلے چمپیئن بن گئے

0
1020
کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) 2021 کے پہلے سیزن کے فائنل شاہد آفریدی کی قیادت میں راولاکوٹ ہاکس نے محمد حفیظ کی کپتانی میں کلھیلنے والی ٹیم مظفر آباد ٹائیگرز کو 7 رنز سے شکست دے کر چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کھیلے جارہے کے پی ایل کے فائنل میں مظفر آباد ٹائیگر نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے راولا کوٹ ہاکس کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

راولا کوٹ ہاکس کے اوپنرز بسم اللہ خان اور عمر امین نے 53 رنز کا آغاز فراہم کیا اور بالترتیب 30 اور 23 رنز کی اننگز کھیلی۔

صاحبزادہ فرحان نے 28 رنز بنا کر اوپنرز کی کوششوں کو آگےبڑھایا، تاہم حسین طلعت صرف 5 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

پہلے میچ میں شان دار سنچری بنانے والے کاشف علی نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 157 رنز تک پہنچایا۔

راولا کوٹ ہاکس نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 169 رنز بنائے۔

مظفرآباد ٹائیگرز کے باؤلر اسامہ میر اور کپتان محمد حفیظ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

مظفرآباد ٹائیگرز کے اوپنرز نے بھی جارحانہ آغاز کیا اور ابتدائی 5 اوور میں 50 رنز بنائے تاہم کپتان محمد حفیظ 54 کے اسکور پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ذیشان اشرف نے 26 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 46 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف کا حصول آسان بنادیا لیکن بعد میں آنے والے بلے باز اس سےفائدہ اٹھانےمیں ناکام رہے۔

مظفر آباد ٹائیگرز نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 9 ویں اوور میں 2 وکٹوں پر 88 رنز بنالیے ہیں۔

صہیب مقصود 15 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی ایک خطرناک گیند کا شکار بنےتو سہیل اخبر صرف 2 رنز بنا سکے تاہم سہیل تنویر نے قیمتی 21 رنز بنا کر ٹیم کی امیدیں بحال رکھیں۔

محمد وسیم نے اہم مرحلے پر جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 12 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے مگر عمر امین کی بہترین فیلڈنگ کےباعث رن آؤٹ ہوئے۔

مظفر آباد ٹائیگرز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 162 رنز بنائے اور فائنل میں 7 رنز سے شکست کھا گئے۔

راولا کوٹ کے آصف آفریدی اور حسین طلعت نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، شاہد آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آصف آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیمیں 14 اگست کو کوالیفائر میں مدمقابل آئی تھیں جہاں مظفر آباد ٹائیگرز نے انور علی کی بہترین کارکردگی کے باعث راولاکوٹ ہاکس کو 7 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

راولا کوٹ نے دوسرے ایلیمنیٹر میں میرپور رائلز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا، کاشف علی نے ناقابل شکست 114 رنز کے ذریعے 237 رنز کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرلیا تھا۔

کے پی ایل فائنل کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

راولا کوٹ ہاکس: شاہد آفریدی (کپتان)، عمر امین، بسم اللہ خان (وکٹ کیپر)، صاحبزادہ فرحان، کاشف علی، دانش عزیز، حسین طلعت، عمران رندھاوا، آصف آفریدی، زمان خان، محمد عرفان جونیئر

مظفر آباد ٹائیگرز: محمد حفیظ (کپتان)، ذیشان اشرف (وکٹ کیپر)، صہیب مقصود، سہیل اختر، انضمام الحق، انور علی، سہیل تنویر، محمد وسیم جونیئر، اسامہ میر، عثمان ارشد، ارشد اقبال