بھارتی کرکٹر ریشابھ پنت کو سرجری کیلئے ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی منتقل کرنے کا فیصلہ

0
389
Rishabh Pant

بھیانک کار حادثے میں شدید زخمی ہونے والے بھارتی کرکٹر ریشابھ پنت کو سرجری کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی منتقل کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق بھارتی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز اپنی مرسڈیز ایس یو وی میں نئی دہلی سے اپنے آبائی شہر رورکی جارہے تھے، اس دوران ان کی گاڑی سڑک کے بیچ میں موجود آہنی رکاوٹوں سے ٹکرا کر آگ لگنے کے باعث تباہ ہوگئی تھی۔

25 سالہ بلے باز کو ہائی وے پر بس ڈرائیور اور کنڈکٹر نے بچایا اور علاج کے لیے مقامی ہسپتال لے گئے، بعد ازاں انہیں دہرادون میں جدید ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ ریشابھ پنت کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی لایا جائے گا اور بڑے نجی ہسپتال میں داخل کیا جائے گا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق ریشابھ پنت کی سرجری کی جائے گی اور بورڈ کی میڈیکل ٹیم مکمل صحت یابی تک ان کی نگرانی جاری رکھے گی۔

بیان میں مزید بتایا گیا کہ کھلاڑی کے دائیں گھٹنے کی لیگامنٹ (ہڈی کو ہڈی سے جوڑنے والا ٹشو) کو نقصان پہنچا ہے، اس کے علاوہ انہیں کلائی اور ٹخنے میں چوٹ لگی ہے، اس کے علاوہ ان کی کمر میں رگڑ لگنے کی وجہ سے زخم آئے ہیں۔

دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر شائم شرما نے بتایا کہ ریشابھ پنت روبصحت ہیں۔

ریشابھ پنت بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے اہم رکن ہیں، انہوں نے گزشتہ تین برسوں کے دوران بھارت کی چند یادگار فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق وہ ڈومیسٹک میچوں میں دہلی کی نمائندگی کرتے ہیں جبکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں اپنے شہر کی ٹیم کی قیادت کرتے ہیں۔

ریشابھ پنت، سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کا حصہ نہیں ہیں اور انہیں ان کی کارکردگی کا معیار بہتر بنانے کے لیے بنگلورو کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ وہ فروری میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز کے لیے تیاری کر سکیں۔

انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں میچ وننگ 93 رنز کی شاندار بلے بازی کے کئی دن بعد ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، جس کے سبب بھارت نے 0-2 سے بنگلہ دیش کو وائٹ واش شکست سے دوچار کیا تھا۔