بابر اعظم مارچ کے مہینے کے لیے آئی سی سی کے بہترین کھلاڑی قرار

0
948

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو مارچ کے مہینے کے لیے آئی سی سی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف مختلف فارمیٹس میں عمدہ بیٹنگ کر کے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم کو جس ’بڑے‘ موقع کا انتظار تھا، بالآخر وہ مل گیا

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 196 رنز کی بحرانی اننگز کے ساتھ ساتھ بابر اعظم نے مجموعی طور پر ٹیسٹ سیریز میں 390 رنز اسکور کیے۔

ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی بابر کی شاندار فارم کا سلسلہ جاری رہا اور انہوں دو سنچریاں اسکور کر کے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں فتح سمیٹنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اس ایوارڈ کے لیے قومی ٹیم کے کپتان کا مقابلہ ویسٹ انڈیز کے کریگ بریتھ ویٹ اور آسٹریلین ہم منصب پیٹ کمنز سے تھا۔

بابر اعظم آئی سی سی کے سال کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ جیتنے والے پہلے کھلاڑی ہیں جہاں اس سے قبل وہ اپریل 2021 میں بھی یہ ایوارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔

ووٹنگ پینل کے رکن ڈیرن گنگا نے بابر اعظم کی اس عمدہ کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بابر نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز میں رنز کے انبار لگانے کے ساتھ ساتھ تمام فارمیٹس میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کپتان نے قیادت کا بوجھ اٹھا کر 24 سال بعد آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کو یادگار بنا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے میں بہترین ریٹنگ، بابر اعظم نے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا

اس کے علاوہ خواتین کے مقابلوں میں آسٹریلین اوپنر ریچل ہینز کو ماہ مارچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ریچل ہینز نے ویمنز ورلڈ کپ کے آٹھ میچوں میں 429 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو ساتویں مرتبہ چیمپیئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔