بائیڈن اور ٹرمپ دونوں کا فتح کا دعویٰ، امریکی صدر کا دھاندلی کا الزام

0
1152

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب میں بڑی فتح کا دعویٰ کیا ہے اور اپنے حریف جو بائیڈن کی جانب سے فتح کا دعویٰ کیے جانے کے بعد ڈیموکریٹس پر الیکشن کو چرانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

بائیڈن کی جانب سے اپنے حامیوں کو مخاطب کرتے ہوئے بڑی فتح کا دعویٰ کیے جانے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم بڑی فتح کی جانب گامزن ہیں لیکن وہ الیکشن چرانے کی کوشش کر رہے ہیں ، ہم انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے، پولز ختم ہونے کے بعد ووٹس نہیں ڈالے جا سکتے۔

غلط معلومات کے خلاف کارروائی کا دعویٰ کرنے والے ٹوئٹر نے فوری طور پر ٹرمپ وہ ٹوئٹ ہٹا دی جس میں انہوں نے الیکشن کو چرانے کا الزام عائد کیا تھا۔۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بغیر ثبوت کے ایک عرصے سے الزام عائد کرتے آ رہے ہیں کہ ‘میل-ان بیلٹس الیکشن میں عوام کو دھوکا دینے کا ایک طریقہ ہے۔

‘میل ان بیلٹس’ ووٹنگ کا ایک طریقہ کار ہے جس کے تحت ووٹرز پولنگ بوتھ پر آئے بغیر باضابطہ اجازت لے کر میل کے ذریعے ووٹ کر سکتا ہے لیکن ان کے لیے چند اہم اصول لاگو ہوتے ہیں۔

حالیہ دنوں میں کووڈ-19 کے خطرے کی وجہ سے ‘میل ان بیلٹس’ کے استعمال کے رجحان میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس سے بائیڈن کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔

اس سے قبل ڈیموکریٹس کے امیدوار اور سابق نائب صدر جو بائیڈن نے حامیوں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنی فتح کا دعویٰ کیا۔

انہوں نے اپنی آبائی ریاست ڈیلا ویئر میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ماننا ہے کہ ہم الیکشن میں فتح کے لیے درست سمت میں گامزن ہیں، یہ اسوقت تک ختم ہو گا جب تک ہر ووٹ گن نہ لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یا ڈونلڈ ٹرمپ یہ اعلان کرنے کا حق نہیں رکھتے کہ کون یہ الیکشن جیتے گا۔

سابق امریکی نائب صدر نے دعویٰ کیا کہ وہ ایریزونا، مچی گن، پینسل وینیا اور وسکونسن میں فتح کے لیے پراعتماد ہیں اور یہ وہ تمام ریاستیں ہیں جن میں 2016 میں ٹرمپ نے فتح حاصل کی تھی۔