اگر میں بھی سرفراز کی جگہ ہوتا تو ٹی ٹونٹی نہیں کھیلتا، مصباح الحق

0
1244

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے وکٹ کیپر سرفراز احمد سے متعلق جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد نے انکار نہیں کیا تھا، ان کے تحفظات تھے، اگر میں بھی ان کی جگہ ہوتا تو یہی کرتا، سرفراز احمد کے خدشات دور کرنے کی ضرورت تھی جو ہم نے کیے اور معاملہ ختم ہو گیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سرفراز نےانکار نہیں کیا تھا لیکن جب آپ کو سیریز کا آخری میچ کھلایا جائےتو یقینی تشویش ہوتی ہے، تشویش کی وجہ سے سرفراز احمد نے اپنے تحفظات کا ٹیم انتظامیہ سے اظہار کیا تھا۔

ہیڈ کوچ پاکستانی ٹیم مصباح الحق کا کہنا تھا کہ سیریز کا آخری میچ تھا اس لیے ان پر دباؤ تھا کہ اگر انیس بیس ہوگیا تو میں مشکل میں آسکتا ہوں، مجھےعلم تھا ان کا ردعمل فطری تھا، میں نے، یونس خان اور بابر اعظم نے سرفراز احمد سے بات کی تھی۔

مصباح الحق نے کہا ہے کہ ہم سرفراز احمد کو کُھلے ذہن کے ساتھ ایک میچ کھلانا چاہتے تھے۔

واضح رہے کہ ذرائع کا بتانا ہے کہ  پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے مانچسٹر میں انگلینڈ کے خلاف تیسرا ٹی 20 میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا جبکہ یونس خان کے سمجھانے اور مصباح الحق کی یقین دہانی پر سرفراز میچ کھیلنے کے لیے رضامند ہوئے تھے ۔