آئی سی سی کو T20 ورلڈ کپ جلد امارات منتقل کر دینا چاہیے، عاقب جاوید

0
808

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بھارت میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا، دس بارہ ممالک کو بھارت میں کھیلنے کے لیے آمادہ نہیں کیا جا سکتا، آئی سی سی کو جلد از جلد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ متحدہ عرب امارات منتقل کر دینا چاہیے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ بھارتی بورڈ اپنی لیگ مکمل نہیں کرا سکا، تمام ممالک اپنے کھلاڑیوں اور شہریوں کو بھارت سے نکلنے کا کہہ رہے ہیں،عقل مندی یہی ہے کہ آئی سی سی یو اے ای میں ورلڈ کپ کو منتقل کرے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ یو اے ای کے پاس اچھا اسٹرکچر ہے، ٹی ٹین لیگ کے لیے مثالی انتظامات تھے.

انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل اور ٹی ٹین لیگ کے ببل میں زمین آسمان کا فرق تھا، پی ایس ایل کے فیصلہ ساز بائیو سیکور ببل میں نہیں تھے۔

عاقب جاوید نے بتایا کہ پی ایس ایل کرانے کے لیے ماہرین کی ضرورت ہے، اوپر سے لے کر گراؤنڈ اسٹاف تک کو بائیو سیکور ببل میں رکھنےکی ضرورت ہے، ہوٹل میں کوئی غیر ضروری بندہ نہیں ہونا چاہیے جبکہ پی ایس ایل کے دوران ہوٹلز میں غیر ضروری افراد تھے، جم میں آنا جانا فری تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے باقی میچز کے لیے لاہور قلندرز کے کمبی نیشن پر فرق پڑا ہے، راشد خان کا نقصان ہوا ہے اس کا کوئی متبادل نہیں، ڈیوویسا کے نہ ہونے سے بھی فرق پڑا تاہم شکیب الحسن کی صورت میں اچھا کھلاڑی ملا ہے جو سمت پٹیل اور ڈیوڈویسا کی کمی پوری کر سکتے ہیں۔

عاقب نے کہا کہ لاہور قلندرز کی فاسٹ بولنگ شاندار ہے، سب بولرز 140 کلو میٹر فی گھنٹہ سے اوپر کی رفتار والے بولرز ہیں ، پاکستان کے ٹاپ تھری بیٹسمینوں میں سے دو محمد حفیظ اور فخر زمان ہمارے پاس موجود ہیں ۔