قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ سے متعلق کہنا ہے کہ پریکٹس میچز سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، انٹر نیشنل میچز کو ذہن میں رکھ کر تیاری کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ کیمپ میں جاری انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز میں ٹیم گرین کی قیادت بابر اعظم اور ٹیم وائٹ کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں۔
انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز کے تحت ہونے والے آج دوسرے میچ میں ٹیم گرین نے ٹیم وائٹ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹیم گرین کے کپتان بابر اعظم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے تا کہ شروع کی مشکل کنڈیشنز کا سامنا کر سکیں، امید ہے کہ پریکٹس میچز سے بہت فائدہ ہو گا۔
دوسری جانب کپتان ٹیم وائٹ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پہلا پریکٹس میچ بھی شاندار رہا، اچھا فنش کیا، جنوبی افریقہ جانے سے پہلے آخری میچ کھیل رہے ہیں، دوسرا میچ بھی اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میچ سے تیاریوں کا بھرپور موقع مل رہا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرا اسکواڈ میچ میں ٹیمیں چودہ چودہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
ٹیم گرین میں بابر اعظم، امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، دانش عزیز، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد نواز، شاہین آفریدی، حارث رؤف، محمد حسنین، زاہد محمود، خوشدل شاہ اور محمد عمران شامل ہیں۔
دوسری جانب ٹیم وائٹ میں سرفراز احمد، شرجیل خان، عبداللّٰہ شفیق، سعود شکیل، محمد حفیظ، حیدر علی، آصف علی، محمد وسیم، عثمان قادر ارشد اقبال، شاہنواز دھانی، نسیم شاہ، عماد بٹ اور فیصل اکرم شامل ہیں۔