اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی

0
368
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے 24ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کا 206 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر 1 گیند قبل حاصل کرلیا، یوں ایونٹ میں مسلسل تیسری اور مجموعی طور پر چھٹی کامیابی اپنے نام کرلی۔

اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائر مرحلے میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل لاہور قلندرز کوالیفائی کرچکی ہے، دونوں ٹیمیں فہرست میں 12،12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔

ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا میچ آخری اوورز میں دلچسپ ہوگیا، 6 گیندوں پر اسلام آباد کو فتح کےلیے18 رنز درکار تھے۔

فہیم اشرف نے محمد الیاس کی 5 گیندوں پر ہی اسکور پورا کرلیا، پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ آخری اوور میں 18 رنز کا ہدف حاصل کیا گیا۔

فہیم اشرف نے صرف 26 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ملتان سلطانز سے فتح چھین لی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کپتان شاداب خان نے 44، کولن منرو نے 40 رنز کی نمایاں باری کھیلی۔

ملتان سلطانز کے انور علی 3، احسان اللّٰہ اور اُسامہ میر نے 2،2 اور عباس آفریدی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس کےلیے کپتان شاداب خان اور محمد رضوان میدان میں اترے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز نے شان مسعود اور ٹم ڈیوڈ کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 205 رنز بنائے۔

ملتان کی طرف سے شان مسعود نے 75 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے اس دوران 12 چوکے لگائے جبکہ ٹم ڈیوڈ نے 60 رنز کی باری کے دوران 5 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔

ملتان کی طرف سے کپتان محمد رضوان نے 33، رئیلی روسو نے 15 اور ڈیوڈ ملر نے 11 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان اور محمد وسیم نے 2،2 جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز ایونٹ میں اب تک 7،7 میچز کھیل چکی ہیں، شاداب خان الیون 5 میچز میں فاتح رہی جبکہ 2 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری طرف ملتان سلطانز 4 میچ میں فتحیاب رہی جبکہ 3 میں اسے شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل میں کھیلے گئے آخری 5 میچوں میں سے 4 میں ملتان سلطانز فاتح رہی جبکہ 1 میچ اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتا۔

پی ایس ایل 8 میں 19 فروری کو ملتان اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں آخری بار مدمقابل آئیں تھیں، جس میں ملتان نے اسلام آباد کو 52 رنز سے شکست دی تھی۔