اسلام آباد کو شکست، پشاور پی ایس ایل 6 کے فائنل میں

0
771

کے فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرنے والی ٹیم کا فیصلہ ہوگیا۔ ایلیمنیٹر 2 میں پاکستان سپرلیگ پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ابوظبی میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ اسلام آباد نے پشاور کو جیت کے لیے 175رنز کا ہدف دیا تھا۔

پشاور زلمی نے 175 رنز کا ہدف 16 اعشاریہ 5 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ زلمی کی جانب سے حضرت ﷲ زازئی، جوناتھن ویلز اور شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے ان فارم بیسٹمین حضرت ﷲ زازئی نے 44 گیندوں پر 66 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 4 بلند بالا چھکے اور 6 چوکے لگائے۔

جوناتھن ویلز اور شعیب ملک ناقابل شکست رہے، جنہوں نے بالترتیب 55 اور 32 رنز بنائے۔ جوناتھن ویلز نے 3 چھکے اور 6 چوکے مارے جبکہ شعیب ملک کی اننگز میں ایک چھکا اور 5 چوکے شامل تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور محمد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔

کولن منرو نے 29 گیندوں پر 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے ایک چھکا اور 7 چوکے لگائے۔ حسن علی نے صرف 16 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی تھی۔

پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور عمید آصف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد عرفان، محمد عمران اور عماد بٹ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا فائنل میچ 24 جون کو کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔