آسٹریلیا نے انگلینڈ کو آخری ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی

0
1463

آسٹریلیا نے سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ انگلینڈ نے ابتدائی دونوں میچ جیت کر سیریز پہلے ہی اپنے نام کرلیا تھا۔

ساؤتھمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر میزبان انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ہیزل وڈ نے بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کرکے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

انگلینڈ کے جونی بیئراسٹو نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ڈیوڈ ملان کے ساتھ مل کر اسکور کو 53 رنز تک پہنچایا تاہم ملان21 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

سیم بلنگز آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز تھے جنہوں نے صرف 4 رنز بنائے، جس کے بعد معین علی بیٹنگ کے لیے آئے جبکہ بیئراسٹو 94 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے اور اس دوران نصف سنچری بھی مکمل کی اور 55 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔

میچ میں قیادت کرنے والے معین علی 119 کے اسکور پر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کرس جارڈن 4 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔

ڈینلے 29 اور کیوران 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے زیمپا نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا نے ہدف کے تعاقب میں 31 رنز پر پہلی وکٹ گنوائی جبکہ اسٹوئن اور فنچ نے اسکور کو 70 رنز تک پہنچایا اور اسٹوئن 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

گلین میکسویل اور اسمتھ ایک مرتبہ پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور بالترتیب 6 اور 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔