کوپا امریکا فائنل: فتح کے بعد نیمار کی میسی کے گلے لگ کر رونے کی ویڈیو وائرل

0
741

جنوبی امریکی فٹبال ٹورنامنٹ کوپا امریکا 2021 کے فائنل کے بعد لیونل میسی کی جانب سے نیمار جونیئر کو گلے لگانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ایک روز قبل میسی کی ارجنٹائن نے نیمار جونیئر کی برازیل کو کوپا امریکا کے فائنل میں 0-1 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

اس جیت کے بعد جہاں ارجن ٹائن کے کھلاڑی اپنے 28 سال کے انتظار کے اختتام کا جشن منا رہے تھے وہیں دفاعی چیمپیئن برازیل کے کھلاڑی آنکھوں میں آنسو لیے میدان میں سہمے بیٹھے تھے۔

اسی منظر کے دوران لیونل میسی نے اپنے کلب کے سابقہ ساتھی نیمار جونیئر کو گلے سے لگالیا۔

فائنل میں شکست کے بعد نیمار میدان میں ہی پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے تھے، تاہم جب ان کی ملاقات میسی سے ہوئی تو میسی نے انھیں گلے لگایا اور دلاسا دیا۔

دونوں اسٹارز کے گلے لگنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ 1993 کے بعد یہ ارجنٹائن کا پہلا اور مجموعی طور پر 15واں کوپا امریکا ٹائٹل ہے۔

خیال رہے کہ اب ارجنٹائن اور یوراگوئے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ 15، 15 مرتبہ یہ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔