ویرات کوہلی پر جوئے کے فروغ کا الزام، عدالتی نوٹس جاری

0
865

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین ویرات کوہلی پر جوئے کے فروغ کا الزام لگ گیا۔

بھارتی ریاست کیرالہ کی ہائی کورٹ نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور فلم انڈسٹری سے وابستہ دو شخصیات کو جوئے کے فروغ کے الزام میں نوٹس جاری کردیے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی کے ساتھ جن شخصیات کو آن لائن جوئے فروغ میں نوٹس جاری کیے گئے ہیں،اُن میں بالی ووڈ اور ساؤتھ فلم انڈسٹری کی تمنا بھاٹیا اور ملیالم اداکار راجو شامل ہیں۔

کیرالہ ہائی کورٹ نے آن لائن جوئے پر پابندی کی درخواست پر ویرات کوہلی، تمنا بھاٹیا اور راجو کے ساتھ ریاستی حکومت کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔

چیف جسٹس ایس مانیکومر، کی عدالت میں پاؤلی وڈاکن کی دائر درخواست میں کہا گیا کہ آن لائن گیم ’رمی‘ کی کئی مشہور شخصیات برانڈ ایمبسیڈرز ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ ریاست میں آن لائن جوئے کا رجحان خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس کا ہدف متوسط طبقہ اور کم آمدنی والے افراد ہیں، جو دھوکا دہی کے اس پلیٹ فارم پر اپنی زندگی بھر کی بچت لٹادیتے ہیں۔

درخواست گزار نے اس حوالے سے کئی مثالیں بھی پیش کی اور بتایا کہ حال ہی میں 28 سالہ فرد نے خودکشی کی ہے جو آن لائن رمی کے جال میں پھنس گیا تھا اور اُس نے خود کو 21 لاکھ روپے کا مقروض کرلیا۔